1 جون، 2016

تین روزہ شندور پولو فیسٹیل جولائی 15 سے شروع ہوگا، بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع


پشاور/ چترال ( ابوالحسنین: ٹائمز آف چترال 1 جون 2016) رواں سال شندور پولو فیسٹیول جولائی کی 15 تاریخ سے شروع ہوگا۔ یہ فیسٹیول ہر سال دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ شندور، چترال میں ہر سال منعقد کیا جاتا ہے لیکن گزشتہ سال سیلابوں اور قدرتی آفات کی وجہ سے فیسٹیل کا انعقاد نہ ہوسکا تھا۔ 

ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخواہ نے منگل کے روز شندور پولو فیسٹیول کے شیڈول کو ختمی شکل دے دی۔ حال ہی میں ایڈیشنل سیکریٹیری ٹورزم محمد طارق خان کی سربراہی میں ہونے والی میٹنگ میں شندور میلے کو جولائی 22 سے 24 کے درمیان منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم چترال سکاوٹس، ضلعی انتظامیہ چترال کی درخواست پر تاریخوں میں تبدیلی کردی گئی اب یہ فیسٹیول جولائی 15 سے 17 کو منعقد ہوگا۔ ہر سال فیسٹیول جولائی 7 سے 9 میں منعقد ہوتا تھا لیکن اس سال ان تاریخوں میں عیدالفطر آرہی ہے اس بناء پر تاریخ تبدیل کردی گئی۔ 

شندور میلہ اب ایک بین الاقوامی ایونٹ بن چکا ہے جس میں دنیا بھر سے سیاح آتے ہیں۔ شندور دنیا کا بلند ترین پولو گراونڈ ہے جو چترال میں واقع ہے۔ میلے کے انتظامات کے لئے صوبائی حکومت ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخواہ کو فنڈز فراہم کرتی ہے۔ جو چترال کے ضلعی انتظامیہ کو فراہم کردیئے گئے ہیں۔ ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخواہ میلے کی تشہیر کے لئے تشہیری مہم چلانے کے ساتھ شندور میں خیمہ بستی، ٹورزم انفارمیشن مراکز اور اسٹالز لگاتی ہے۔ ٹی سی کے پی علاقائی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لئے طعام و قیام کی سہولیتیں بھی فراہم کرتی ہے۔

چترال پاکستان کا سب سے پر امن ضلع ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں علاقائی اور بین الاقوامی سیاح سالانہ علاقے میں آتے ہیں۔ خاص طور شندور، قاقلشٹ اور کالاش کے مختلف تہواروں کے دواران سیاحوں کی بڑی تعدا علاقے کا رخ کرتی ہے۔ اس سال توقع ہے کہ بڑی تعداد میں ملکی اور غیر ملکی سیاح آئیں گے۔ کیونکہ کے پی کے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے نان ابجیکشن سرٹیفیکیٹ کی شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔


کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں

Recent Posts Widget