3 اکتوبر، 2016

افغان مہاجرین اور پاکستانی برآمدات : داد بیداد : ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی ؔ

 

داد بیداد :  ڈاکٹر عنا یت اللہ فیضی ؔ

روز اخبارات میں ایسی خبریں اور تصاویر آرہی ہیں جن افغان مہاجرین کے قافلوں کو اپنے سامان کے ساتھ ٹرکوں پر سوار ہو کر افغانستان واپس جاتے ہوئے دکھا یا جاتا ہے 1978ء اور 2002ء کے درمیان 24 سالوں کے دوران افغان خانہ جنگی کے دوران مہاجرین کے قافلے اسی طرح ٹرکوں پر سوار ہو کر پاکستان آتے تھے 2002ء اور 2016ء کے درمیان 14 سا ل ایسے آئے جب افغان مہاجرین کو واپس وطن بھیجنے کے لئے یو این ایچ سی ار اور پاکستان کی طرف سے مالی پیکیج دئیے گئے مراعات دی گئیں مگر مہاجرین کے قافلے ایک راستے سے گئے تو دوسرے راستے سے واپس آئے

اب آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اقدامات اور ضرب غضب کی وجہ سے افغان حکومت نے بھی واپس وطن جانے والے مہاجرین کے لئے مراعات کا اعلان کیا ہے اور اُمید پیدا ہو گئی ہے آج کا عنوان دیکھ کر قارئین کو حیرت ہوئی ہوگئی کہ افغان مہاجرین اور پاکستانی برآمدات کا آپس میں کیا تعلق ہے ؟ حالانکہ دونوں کا آپس میں گہرا تعلق بار بار اخبارات میں رپورٹ ہوا ہے افغان خانہ جنگی اور افغان مہاجرین کے لئے پاکستان کی سرحد یں کھولنے کے 101 برے اثرات پاکستان پر مرتب ہوئے ان میں سے ایک اثر یہ بھی ہے کہ گذشتہ کم از کم دوعشروں میں پاکستانی برآمدات کے حجم میں 62 فیصد کمی آئی ٹیکسٹائل ، قالین ، چمڑے ، کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات کے برآمدات کو گہرا زخم لگا یا گیا پاکستان کی برآمدات میں کمی کا خلا پڑوسی ملک بھارت کا پورا کیا ایک طرف بھارت کو افغانستان کے اندر امریکہ کے بعد دوسرا مقام ملا دوسری طرف بھارت نے عالمی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کی جگہ لیکر ہماری معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا یا گذشتہ 20 سالوں میں صرف چمڑے کا نرخ 55 فیصد گر گیا ہے حالانکہ اس میں کم از کم 35 فیصد اضافہ ہونا چاہیے تھا پاکستان کی بر آمدی تجارت کو کیسے نقصان پہنچا ؟ اس سوال کا جواب اخباری فائلوں کی مدد سے بآسانی دیا جاسکتا ہے بلجےئم، برسلز ، برمنگھم ، مانچسٹر ، بریڈفورڈ ،نیویارک اور ٹوکیو جیسے بڑے شہروں میں پاکستانی برآمدات کے اندر سے ہیروئین کا سفید پاؤڈر برآمد ہوا ایک بار نہیں باربار ایسے افسوسناک واقعات پیش آئے اور ہم سب کو معلوم ہے کہ کو کنار کاسفید پاؤڈر کب اس ملک میں متعارف ہوا ؟ 1978ء میں افغانستان کے اندر غیر ملکی مداخلت اور انقلاب ثور کی مخالفت سے پہلے ہیر وئین کا نام کوئی نہیں جانتا تھا کوکنار سے سفید پاؤڈر بنانے کی ٹیکنالوجی مغرب سے افغانستان لائی گئی 2001ء میں طالبان کی حکومت کا تختہ اُلٹنے کی دو بڑی وُجوہات تھیں تیل اور گیس کی بڑی کمپنی کو افغانستان سے نکال دیا گیا

دوسری وجہ یہ تھی کہ افغانستان میں افیوں کی کاشت پر پابند ی لگا کر کوکنار اور ہیر وئین کے کاروبار کو بند دکردیا گیا نائن الیون محض بہانہ تھا اصل وجوہات یہی دو تھیں بین لا قوامی تاجروں کے مالی مفادات کو نقصان پہنچا تھا اس لئے طالبان کا تختہ اُلٹ دیا گیا 2003ء میں افغانستان کے اندر افیوں کی کاشت دوبارہ شروع کی گئی اور سفید پاؤڈر کی پیدا وار عالمی مارکیٹ میں پاکستان کے راستے پہنچانے کا دھند ا پھر سے شروع کیا گیا بلکہ اس دھندے کو مزید منظم کیا گیا پاک افغان سرحد کو بند کر نے کے لئے جنرل راحیل شریف نے جو مثبت قدم اُٹھا یا ہے اس کا فائد ہ پاکستان کو ہورہا ہے دوسری طرف بھارت اور افغانستان پر قابض دیگر غیر ملکی طاقتوں کے پیٹ میں مروڑ اُٹھ رہا ہے کیونکہ پاکستان کے راستے اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ کا گھنا ونا کاروبار دم توڑنے والا ہے اس کاروبار کو دھچکا لگا تو پاکستان کو عالمی منڈی میں بدنام کرنے کا حربہ ناکام ہوجائیگا اور منشیات کے عالمی بیو پاریوں کا بہت بڑ ا کاروبار ٹھپ ہو کر رہ جائے گا

اس وقت پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو سب سے زیادہ چیلنج یہ درپیش ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اپنی ساکھ او رعزت کو کس طرح بحال کر ے اس طرح قالینوں کی برآمدات کو شدید دھچکا لگا ہے چمڑے کی بر آمدات کو بُری طرح نقصان پہنچا یا گیا ہے اگلے چھ مہینوں میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا عمل اپنے انجام کو پہنچ گیا تو اس کا پہلا مثبت اثر ہمارے برآمدات پر پڑے گا عالمی منڈیوں تک رسائی کے فوائد ملینگے اور معیشت کواستحکام حاصل ہوگا تاہم پاکستانی برآمدات کی ساکھ اور عالمی منڈی میں پاکستان کے اعتبار کو بحال کر نے میں وقت ضرور لگے گا افغان مہاجرین کا انخلا اور افغان سرحد کی بند ش کے دو اقدامات پاکستان کی ساکھ کو بحال کر نے میں اہم کردا ر ادا کر نیگے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کر نے کا بھی خوشگوار اثر پڑے گا ہمارے برآمدکنندہ گان اور ہماری حکومت کے بر آمد ی اداروں ، کارپو ریشنوں کو اس سلسلے میں 1978 ء سے پہلے کی طرح پاکستانی مصنوعات کی مار کیٹنگ کے لئے قابل عمل منصوبہ ترتیب دینا ہوگا اور دنیا کی بڑی بڑی منڈیوں میںیہ مثبت تاثر پیدا کرنا ہوگا کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے بعد پاکستان کو دیگر منشیات کے ساتھ سفید پاؤڈر کی لعنت سے بھی پاک کیا گیا ہے اس طرح پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کا زرین موقع ہاتھ آئے گا

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

تازہ ترین

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں

Recent Posts Widget