8 فروری، 2017

دبئی میں HBL پاکستان سپر لیگ سیزن 2 کا آغاز: کل پہلا میچ ہوگا

 


 پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ ایچ بی ایل پی ایس ایل (HBLPSL) کے دوسرے سیزن کا آج سے آغاز ہوگا۔ 

اس لیگ کا آغاز دبئی میں ایک شاندار تقریب سے ہوگا جس میں معروف جمیکن گلوکار شیگی، پاکستانی پاپ گلوکار علی ظفر اور شہزاد رائے اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زالمی کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔ 


گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی پانچ ٹیمیں اسلام آباد یونائیٹڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زالمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس لیگ میں شامل ہیں جن میں پاکستانیوں کے ساتھ بین الاقوامی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ اس سیریز کے میچز دبئی اور شارجہ میں منعقد کئے جارہے ہیں تاہم ایچ بی ایل پی ایس ایل 2.0 کا فائنل میچ 5 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے بتایا، "اس کامیابی پر مجھے خوشی ہے جسے ہم نے 12 ماہ کے عرصے میں حاصل کیا ہے۔ ہم ایچ بی ایل پاکستان سوپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز کے لئے تیار ہیں اور ہم پراعتماد ہیں کہ دوسرا سیزن گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور مزید بہتر ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں ہمارے پاس T20کے بہت سے بڑے اسٹارز شامل ہیں اور ہم سب جوش و جذبے کے ساتھ کرکٹ دیکھنے کے لئے تیار ہیں۔ "

نجم سیٹھی نے مزید کہا ،"دنیا بھر میں پاکستانی اس ٹورنامنٹ پر فخر کرسکتے ہیں کیونکہ ہم نے کامیابی کے ساتھ یہ پیغام پھیلایا ہے کہ ہم کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں اور اس کھیل کے جذبے سے مکمل طور پر سرشار ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ متحدہ عرب امارات کے دونوں مقامات دبئی اور شارجہ میں عوام کی بڑی تعداد موجود ہوگی۔ لاہور میں فائنل کا انعقاد ایچ بی ایل پی ایس ایل 2017 کیلئے ایک سنگ میل ہوگا ۔ عوام پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے کئے جانے والے ہمارے اقدامات کی پزیرائی کریں ۔ہم پُر امید ہیں کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل شائقین کیلئے ایک نا قامل فراموش ٹورنامینٹ ثابت ہوگا ۔"

اس موقع پر ایچ بی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر نوید اصغر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ، "آج ایچ بی ایل کے لئے ایک قابل فخر دن ہے ۔ ہم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے دوسرے سیزن کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اپنی 75 سالہ طویل سرگرم وراثت کے ساتھ ایچ بی ایل کو ملک کا صف اول کا واحد مالیاتی ادارہ ہونے پر انتہائی خوشی ہے جس نے پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل کرکٹ لیگ کو اسپانسر کرکے لاکھوں شائقین کرکٹ کے خوابوں کو حقیقت بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ "

نوید اصغر نے مزید کہا، ” ایچ بی ایل پی ایس ایل نے مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور مستقبل کے کرکٹ ستاروں کو سامنے لانے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرکے ملک میں کرکٹ کی بحالی اور ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاسکتا ہوں کہ ایچ بی ایل پاکستان سوپر لیگ اپنے تاریخی لمحات کے باعث یاد رکھی جائے گی اور کرکٹ کے بھرپور جذبے کے ذریعے قوم کو یکجا کریں گے ۔"

ایچ بی ایل 1700 سے زائد برانچز، 2000 اے ٹی ایمز اور 90 لاکھ کے کسٹمر بیس سے تجاوز کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا بینک ہے۔ یہ چار براعظم کے 25 سے زائد ممالک میں خدمات فراہم کر رہا ہے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

تازہ ترین

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں

Recent Posts Widget