12 اگست، 2017

کوک اسٹوڈیو سیزن 10 بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شروع ہوگیا

 

کراچی: پاکستان کے سب سے بہترین میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو کے 10 ویں سیزن کا بھرپور جوش و خروش کے ساتھ آغاز ہوگیا ہے۔ اس ضمن میں شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسرز، پاکستان کے صف اول کے گلوکار اور موسیقاروں کے ساتھ میڈیا و ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں، کاروباری اداروں کے اہم رہنما، سماجی شخصیات، کوکا۔کولا پاکستان کی سینئر انتظامیہ اور کوک اسٹوڈیو کے پرستاروں اور خیرخواہوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ 



گزشتہ ایک دہائی میں کوک اسٹوڈیو نے اپنے آپ کو ساو ¿نڈ آف دی نیشن کے طور پر منوایا ہے اور دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں پاکستانی کلچر کو پھیلانے والا یہ قابل فخر سفیر اور ترجمان ہے۔ اس کا سیزن 10 کوک اسٹوڈیو کے شاندار فلسفے کی روشنی میں لوگوں کی شمولیت اور ان کو درپیش رکاوٹوں کا خاتمہ جاری رکھے گا اور بڑے فنکاروں کی کامیابی کی خوشی منانے کے ساتھ شائقین کو نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ سے بھی روشناس کرائے گا۔


اپنے 10 ویں ایڈیشن میں پاکستان کے 70 ویں جشن یوم آزادی کے موقع پر کوک اسٹوڈیو میوزک انڈسٹری کی نامور شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرے گا۔ ان میں وہ گلوکار ، نغمہ نگار ، شاعر اور موسیقار شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ 70 سالوں کے دوران پاکستانی میوزک انڈسٹری کو اپنی انتھک خدمات کے ذریعے ایک نمایاں مقام پر پہنچایا ۔ 

اس ضمن میں سیزن 10 کی پہلی قسط ڈیجیٹل میڈیا پر 11 اگست کو ریلیز ہوگی اور اسکے اگلے روز یہ 40سے زائد ٹی وی چینلز پر نشر ہوگی۔ سیزن 10 کی پہلی قسط میں 'رنجش ہی صحیح 'گانے میں گلوکار علی سیٹھی نے مہدی حسن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اسی قسط کے دیگر گانوں میں احمد جہانزیب اور شفقت امانت علی خان کی جانب سے 'اللہ اکبر 'کے نام سے کلام بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ حنا نصر اللہ اور امانت علی کی جانب سے 'چھا رہی ہے کالی گھٹا 'جبکہ مومنہ مستحسن اور دانیال ظفر کی جانب سے 'منتظر 'گانا بھی موجود ہے۔ 


کوک اسٹوڈیو کے سیزن 10 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے کہا، 'دس سالہ یہ سفر ہر طرح سے یادگار رہا ہے اور کوک اسٹوڈیو نے پاکستانی میوزک انڈسٹری کی بحالی کی ذمہ داری اس وقت اٹھائی جب انڈسٹری مشکل حالات سے دوچار تھی ، بلاشبہ پاکستان میوزک انڈسٹری اسکی وجہ سے آج کامیابی کے مقا م پر کھڑی ہے۔ کوک اسٹوڈیو نے ہمیشہ منفرد چیزیں تخلیق کرنے پر یقین رکھنے کے ساتھ ماضی کے بہت سے شاندار روایتی گانوں کو نئی زندگی بخشی ہے اور انہیں ازسرنو نئی نسل سے متعارف کرا رہا ہے۔ اس نے نئے گلوکاروں کو متعارف کرانے کے لئے بھی کاوشیں کی ہیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔کوک اسٹوڈیو میوزک کلچر کی بحالی اور اسے نئی شکل دینے کے لئے پرعزم ہے جس پر پاکستانی شہریوں کو دنیا بھر میں فخر کا احساس ہوتا ہے۔ ' 

پاکستان میں میوزک کے حقیقی پرستاروں کے لئے کوک اسٹوڈیو کا سیزن 10 ایک اہم سنگ میل ہے جو اس شاندار پلیٹ فارم کو کامیابی کی مزید بلندیوں تک لے جائے گا اور نئے آنے والے سیزنز میں مزید جدت طرازی سامنے آئے گی ۔ 



کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

تازہ ترین

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں

Recent Posts Widget