15 نومبر، 2017

غربت میں کمی کے پروگرام کا سوات کے پسماندہ طبقات پر مثبت اثرات ، عالمی اداروں کے نمائندوں نے جائزہ لیا

 

کراچی: اطالوی ایجنسی برائے ڈیولپمنٹ کوآپریشن (اے سی آئی ایس) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سانتا مولے، عالمی بینک کے حکام اور پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ کے سینئر عہدیداروں پر مشتمل خصوصی وفد نے خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کا دورہ کیا۔ وفد نے اے سی آئی سی کے ذریعے اطالوی حکومت کی جانب سے غربت میں کمی کے پانچ سالہ پروگرام برائے پاورٹی ریڈکشن (پی پی آر)کے تحت لوگوں کو پہنچنے والے فوائد اور پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس پروگرام کےلئے 40 ملین یورو کی رقم مختص کی گئی ہے۔

اطالوی ایجنسی برائے ڈیولپمنٹ کوآپریشن (اے سی آئی ایس) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سانتا مولے پی پی اے ایف کی گروپ ہیڈ گرانٹس آپریشنز سیمی کمال ، پی پی آر کی پروگرام ڈائریکٹر لبنیٰ جاوید اور کمیونٹی اراکین کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے ضلع سوات کے گاو ¿ں ڈھیرو خائمدرا میں لنک روڈ کا افتتاح کر رہی ہیں۔ 


غربت میں کمی کے اس پروگرام کے تحت چار ہزار سے زائد کمیونٹی ادارے (43 فیصد خواتین کی نمائندگی) قائم کئے گئے۔ تقریبا 5 ہزار افراد (48 فیصد خواتین) نے زرعی زمین وصول کی۔ جبکہ تقریبا 11 ہزار سے زائد افراد(42 فیصد خواتین) نے آمدن کے لئے ہنرمندی کی تربیت حاصل کی ۔ پینے کے صاف پانی، ذیلی سڑکیں، سیلاب سے تحفظ کے کام کے ساتھ آبپاشی اور قابل تجدید توانائی کے 753 منصوبے بھی مکمل کئے گئے۔ 

پروگرام کے تحت صحت کے شعبے میں کمیونٹی کے 865 بااختیار افراد (60 فیصد خواتین) ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور مڈوائف کا کام کرنے والی خواتین کو بیماریوں سے بچاو ¿، غذائیت کی اہمیت، زچہ و بچہ کی صحت اور صحت مندانہ طرز زندگی سے متعلق آگہی دی گئی ۔ تعلیم کے شعبے میں اس پروگرام کے تحت لوگوں کو بہتر تعلیم تک رسائی اور شرح تعلیم میں اضافہ لانے کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ اس سلسلے میں سرکاری اور کمیونٹی سطح پر 728 اسکولوں میں 88 ہزار طالب علموں (44 فیصد لڑکیاں) کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر ہوئیں ۔ کمیونٹی کے بااختیار افراد اور اساتذہ نے اسکولوں کی ترقی ، تعلیم سے متعلق آگہی، جدت انگیز تدریسی طریقے اور اسکول کو سماجی ادارے کے طور پر چلانے جیسے امور کی تربیت حاصل کی۔ 

خصوصی وفد نے ضلع سوات کے دیہات لندائی کابال اور مالوچ میں جاری انفرا اسٹرکچر اور تعلیم و صحت کے منصوبوں سے مستفید ہونے والے مقامی اداروں کے اراکین اور امداد وصول کرنے والے افراد سے بھی ملاقات کی۔ 

ڈاکٹر سانتا مولے نے بتایا، "غربت میں کمی کے پروگرام کا مقصد پاکستان کے پسماندہ طبقات کے اندر غربت میں کمی لانا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ سماجی و معاشی ترقی کے لئے پائیدار حالات پیدا کرنے کے ساتھ آمدن اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کو یقینی بنایا جائے۔ ہم خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے پی پی اے ایف کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ " 

دورے کے دوران ڈاکٹر سانتا مولے نے سوات کی یونین کونسل بار اباخیل کے گاؤں ڈھیرو خائمدرا کو ڈھیرو کی مرکزی سڑک سے ملانے کے 1100 فٹ کنکریٹ لنک روڈ کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے سے 100 سے زائد گھرانوں کو فائدہ ہوگا اور ذیلی سڑک سے مارکیٹ اور تعلیم و صحت تک رسائی میں بہتری آئے گی۔ 

سوات میں ذیلی سڑک کی تعمیر کے لئے پی پی اے ایف کے شراکتی ادارے لاسونا کی اے آئی سی ایس کے ساتھ شراکت داری ہے۔ یہ ذیلی سڑک 7 لاکھ 46 ہزار 686 روپے کی مجموعی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے اور اس کی 85 فیصد لاگت پروجیکٹ کے تحت فراہم کی گئی ہے اور باقی ماندہ رقم کے لئے مقامی افراد نے نقدی، مہارت اور مزدوری کی فراہمی کے ذریعے تعاون کیا۔ رسائی میں بہتری کے ساتھ اس سڑک کی بدولت نہ صرف لوگوں کے وقت کی بچت ہوگی بلکہ آمد و رفت کی بہترسہولیات بھی حاصل ہوگی۔ اس کے ساتھ لڑکیوں اور خواتین کو بھی تعلیم و صحت کے سلسلے میں آسان اور محفوظ راستوں سے سفر کی سہولت ملے گی جس سے ان کی زندگیوں میں بڑی مثبت تبدیلی آئے گی۔ 

پی پی اے ایف بلوچستان، خیبرپختونخوا اور فاٹا میں مقامی 17 شراکتی اداروں کے ذریعے 14 اضلاع کی 38 یونین کونسلوں میں غربت میں کمی کے پروگرام پر عمل درآمد کررہا ہے۔ 40 ملین یورو کی لاگت کا حامل یہ امدادی پروگرام ان علاقوں میں پائیدار سماجی و معاشی حالات کو یقینی بنائے گا۔ غربت میں کمی کے پروگرام پر عمل درآمد بلوچستان میں ضلع ژوب، قلعہ سیف اللہ ، قلعہ عبداللہ ، پشین ، گوادر، لسبیلہ، آواران، پنجگور اور کیچ جبکہ خیبرپختونخوا کے اضلاع میں لوئر دیر، اپر دیر، چترال ،سوات اور فاٹا میں باجوڑ ایجنسی میں کیا جارہا ہے۔ 


کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

تازہ ترین

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں

Recent Posts Widget