12 مارچ، 2018

کوک اسٹوڈیو کے سیزن 11 مں نئے پروڈیوسرز کے طور پر علی حمزہ اور ذوہیب قاضی کا خیرمقدم

کراچی: پاکستان کا بہترین میوزک پلیٹ فارم کوک اسٹوڈیو جولائی میں اپنے 11ویں سیزن میں ایک اور سنگ میل حاصل کرنے کے لئے پیش قدمی کرے گا ۔ کوک اسٹوڈیو پاکستان اگلے سیزن میں بھی اپنے ہم وطنوں کو موسیقی کی منفرد دھنوں سے روشناس کرانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ گزشتہ 10 سالوں میں کوک اسٹوڈیو پاکستان نے تاریخ ساز کامیابیاں حاصل کیں ۔ اس پلیٹ فارم کی بہترین کارکردگی کا اعتراف نہ صرف پاکستان میں کیا گیا بلکہ اسکی حقیقی موسیقی کا اعتراف دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں کیا گیا۔ یہ پلیٹ فارم بے مثال کامیابی حاصل کرچکا ہے اور اسے اب تک مجموعی طور پر ایک ارب سے زائد بار ملاحظہ کیا جاچکا ہے۔ اس کے یوٹیوب پر 3 ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں جس کی وجہ سے یہ پاکستان کا سب سے بڑا یوٹیوب چینل بن گیا ہے۔ 



کوک اسٹوڈیو اپنے سیزن 11 میں نئے پروڈیوسرز کے طور پر علی حمزہ اور ذوہیب قاضی کا خیرمقدم کرتا ہے۔ علی حمزہ کا میوزک انڈسٹری کا تجربہ تقریبا دو دہائیوں پر محیط ہے۔ وہ میوزک بینڈ نوری کے بانی رکن ہیں۔ ان کے پہلے البم کو دنیا بھر میں شہرت حاصل ہوئی تھی۔ اپنی نوعیت کے اعتبار سے انہوں نے پہلی بار پاکستانی مین اسٹریم میں پاپ راک میوزک کی صنف متعارف کرائی۔ اس کے ساتھ اس البم نے پاکستان کے نوجوانوں کو ترویج دی کہ وہ اپنے اور دوسروں کے لئے کچھ قابل ذکر کام کرنے کی ذمہ داری اٹھائیں۔ ان کی حالیہ کامیابی کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کے دوران میوزک کے ماہر کے طور پر دیکھی گئی جہاں ان کے اوریجنل گانے 'تنک دھن' کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سیزن 11 کے دوسرے پروڈیوسر ذوہیب قاضی ہیں جو کوک اسٹوڈیو کے ساتھ گزشتہ سات سال سے زائد عرصے سے وابستہ ہیں اور سیزن 7 سے سیزن 9 تک جنرل منیجر اور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر رہے۔ سال 2017 میں ذوہیب نے کوک اسٹوڈیو سے وقفہ لیا تاکہ وہ سفری انداز کے میوزک البم کے ذریعے پاکستانی فوک میوزک سے واپس جڑ سکیں۔ سیزن 11 پاپ، راک، فوک اور صوفی سمیت مختلف اصناف کے گلوکاروں کی لائیو پرفارمنس پیش کرنے کے لئے تیار ہے۔ 

کوک اسٹوڈیو کی اس اہم پیش رفت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے کہا، "کوک اسٹوڈیو سے پیش ہونے والی موسیقی پاکستانی شناخت کے طور پر دیکھی جارہی ہے اور پاکستانی عوام پر کوک اسٹوڈیو کے پڑنے والے مثبت اثرات قابل ذکر ہیں۔ گزشتہ دہائی کے دوران کوک اسٹوڈیو نے سامعین کو لازوال کلاسکس سے ازسرنو متعارف کرانے کے ساتھ نئی نسل کے موسیقاروں کو متعارف کرانے کا عزم کیا ہوا ہے۔" 

کوک اسٹوڈیو اپنے نئے پروڈیوسرز کے ساتھ نئے سفر کے لئے تیار ہے۔ کوکا۔کولا کی برانڈ ٹیم نے اسٹرنگز کا بھرپور شکریہ ادا کیا ہے جس نے میوزک انڈسٹری کو آگے بڑھانے اور کوک اسٹوڈیو کے جاری ارتقا کے لئے مسلسل کام کیا ہے۔ اسٹرنگز نے پرانے اور نئے کے درمیان خلاءکو مضبوط انداز سے پُر کیا اور کلاسیکی، فوک اور قوالی جیسی روایتی اصناف کو بہترین انداز سے یکجا کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے موسیقاروں کی فہرست بھی پیش کی اور انہیں معترف گلوکار کے طور پر پہچان بنانے میں مدد فراہم کی۔ یہ بات اجاگر کرنا بھی اہم ہے کہ کوک اسٹوڈیو کبھی بھی پس منظر پر موجود ٹیکنیشنز اور انجینئرز، سیٹ ڈیزائن اور اس پر کام کرانے والے عملہ اور دیگر معاون اسٹاف کی بھرپور محنت اور مستحکم عزم کے بغیر کامیاب نہیں ہوتا۔ کوک اسٹوڈیو کو بہترین کامیابی اسکی بہترین ٹیم ورک کی وجہ سے ملتی ہے جس میں ہر شخص ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور طور پر جڑ کر کام کرتا ہے تاکہ وہ میوزک کی فیلڈ میں کچھ ایسا کام پیش کریں جو کبھی دیکھنے میں نہ آیا ہو۔ 

کوک اسٹوڈیو کے گلوکاروں، گیتوں، بول، شراکت داریوں اور ٹی وی پر نشر ہونے کے اوقات کی تفصیلات اگلے چند ماہ میں بتدریج سامنے آئیں گی۔ 



کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

تازہ ترین

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں