25 ستمبر، 2018

فیس بک ریالٹی شو 'آئیڈیا کروڑوں کا' کے ساتھ اشتراک، چھ پاکستانی کمیونٹی لیڈرز پروگرام کا حصہ بنیں گے، ہر لیڈر کو 20 ہزار ڈالرز ملیں گے

 چھ پاکستانی کمیونٹی لیڈرز پروگرام کے نئے سیزن کا حصہ بنیں گے، ہر لیڈر کو 20 ہزار ڈالرز تک ملیں گے

کراچی:  فیس بک نے پاکستانی ریالٹی شو پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا' کے ساتھ اشتراک کا اعلان کیا ہے، جس میں پاکستانی کاروباری افراد نئے ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے اپنے آئیڈیاز پیش کرسکیں گے۔ اس اشتراک کے تحت پاکستان کے متاثرکن کمیونٹی گروپ لیڈرز ٹی وی پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا 'کے حالیہ سیزن کا حصہ بنیں گے۔



پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا' میں کراچی اسکول گائیڈ کی بینش عمیر، کراچی شیفس ایٹ ہوم (کے سی ایچ) کی صبا محسن شیخ، مرہم کی اسما عمر، اسپیشل نیڈز پاکستان کی رابعہ عزیز رضوی، سول سسٹرز پاکستان کی کنول احمد اور شی اوپس کی نادیہ پٹیل حصہ لیں گی۔ 

پروگرام کی چھ قسطیں ہیں اور ہر قسط میں ایک کمیونٹی لیڈر کو موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ ملک گیر سطح پر لوگوں کی معلومات کے لئے اپنے منصوبے اور ویژن کی تفصیلات پیش کرے۔ ہر کمیونٹی لیڈر اپنے ویژن کو عملی شکل دینے کے لئے 20 ہزار ڈالرز تک کی گرانٹ وصول کرے گا۔ 

اے پی اے سی کی ڈائریکٹر آف کمیونٹی افیئرز کلیئر دیوی نے کہا، "ہم ان بہترین واقعات سے حیران کن طور پر متاثر ہوئے ہیں کہ کس طرح سے لوگ اکھٹے ہوکر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ ان میں کاروبار کرنے والی خواتین اور اسکول ٹیچرز سے لیکر خصوصی ضرورت کی متلاشی فیملیز شامل ہیں۔اسی وجہ سے ہم پاکستانی کمیونٹی کی مدد کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور آئیڈیا کروڑوں کا پروگرام کے ساتھ اشتراک کے اعلان پر خوش ہیں۔"

انہوں نے کہا، "ہر ماہ ایک ارب سے زائد افراد فیس بک کے گروپس استعمال کرتے ہیں۔ یہ گروپس لوگوں کو محفوظ، ایک دوسرے کے لئے معاون کمیونٹیز بنانے میں مدد کرتے ہیں اور موجودہ کمیونٹیز کو مستحکم بناتے ہیں۔ کمیونٹی لیڈرز اپنے جذبے اور اخلاص کی بدولت اہم کردار ادا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر کمیونٹی کو باشعور اور مستحکم بنانے میں مدد ملتی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اپنے کمیونٹی لیڈرز کو ان کاموں میں تعاون فراہم کریں جہاں انہیں ضرورت پڑے تاکہ وہ اپنی کمیونٹی میں مثبت اور نتیجہ خیز اثر ات پیدا کریں۔ " 

'آئیڈیا کروڑوں کا' پروگرام میں شامل دو کمیونٹی لیڈرز شی اوپس (Sheops) کی نادیہ پٹیل گنجپی اور سول سسٹرزپاکستان (Soul Sisters Pakistan) کی کنول احمد کو پہلی گلوبل فیس بک کمیونٹی لیڈرشپ پروگرام میں فیلوشپس بھی دی گئی ہیں۔ دنیا بھر سے 116 افراد کو کمیونٹی لیڈرز کے طور پر اس پروگرام کے مختلف شعبوں کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت نادیہ پٹیل گنجپی اور کنول احمد کو فیس بک کی طرف سے تربیت اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ایک سال کے دوران وہ مینلو پارک میں فیس بک کے ہیڈکوارٹرز میں وقت گزاریں گی اور فیس بک کی ٹیم کے ساتھ کام کرکے اپنی کمیونٹی کے لئے اقدامات میں بہتری لائیں گی۔

فیس بک نے حال ہی میں پاکستان میں کمیونٹی لیڈر سرکلز کا آغاز کیا ہے۔ یہ ایک عالمی پروگرام ہے جو کمیونٹی لیڈرز کو موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ مل کر بہترین 

طریقے سامنے لائیں، ٹریننگز اور ورکشاپس میں حصہ لیں، ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں اور جاری عمل کے دوران ذاتی طور پر ملاقات کریں ۔

پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا' کا نیا سیزن نیو ٹی وی پر 9 ستمبر 2018 بروز اتوار بوقت 7 بجے شروع ہوگا۔ 

پروگرام 'آئیڈیا کروڑوں کا' میں شرکت کرنے والے کمیونٹی لیڈرز کی تفصیل درج ذیل ہے

بنیش عمیر کراچی اسکولز گائیڈ (Karachi Schools Guide)کی بانی ہیں۔ یہ کمیونٹی ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے جس میں والدین، اساتذہ، ماہر تعلیم اور طالب علموں کے درمیان موجود خلا کو ایک ہی جگہ پر کیا جاتا ہے۔ تعلیم اور اس سے متعلق سرگرمیوں کے بارے میں اہم معلومات کا تبادلہ ہوتا ہے جس سے بچوں کی تعمیری انداز سے نشونما مدد ملتی ہے۔ اس کمیونٹی کے 92 ہزار سے زائد ممبرز ہیں۔ 

صبا محسن شیخ کراچی شیفس ایٹ ہوم ، کے سی ایچ (Karachi Chefs at Home (KCH)) کی بانی ہیں۔ فیس بک کے اس گروپ میں صرف وہ خواتین شامل ہیں جنہیں کھانے بنانے کا شوق ہے۔ یہاں خواتین اپنی آزمودہ ترکیبیں سامنے لاتی ہیں اور اس گروپ کے ذریعے ٹیسٹی ٹریژر والیوم 1، 2، 3 کے نام سے تین کتابیں مرتب کی جاچکی ہیں۔ اس کمیونٹی میں ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد ممبرز ہیں۔ 

اسما عمر مرہم کمیونٹی (Marham) کی شریک بانی ہیں۔ یہ کمیونٹی اس عزم کے ساتھ قائم کی گئی تاکہ مریضوں کو درست ڈاکٹر کی رہنمائی کے ساتھ علاج کے لئے جلد معاونت فراہم کی جائے۔ اس کمیونٹی میں ممبرز کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہیں۔ 

رابعہ عزیز رضوی اسپیشل نیڈز پاکستان (Special Needs Pakistan)کمیونٹی کی بانی ہیں۔ یہ پلیٹ فارم ایسے والدین، بہن بھائیوں، فیملیز اور دوستوں کے لئے نیٹ ورک ہے جو خصوصی توجہ اور محبت کے متقاضی ہیں۔ اس گروپ میں 6 ہزار سے زائد ممبرز ہیں۔ 

کنول احمد سول سسٹرز پاکستان (Soul Sisters Pakistan)کی بانی ہیں۔ یہ کمیونٹی اس ارادے سے قائم ہوئی کہ ہر پاکستانی عورت کو آن لائن سپورٹ سسٹم فراہم کیا جائے، چاہے وہ کہیں بھی رہتی ہو۔ اگرچہ بنیادی طور پر اس گروپ میں بدستور اس بات پر توجہ دی جاتی ہے کہ خواتین کے مسائل پر گفتگو ہو اور ہم خیال افراد سے نیٹ ورکنگ کی جائے۔ تاہم اب یہ کمیونٹی اپنے بلاگ کے ساتھ تبدیل ہوکر معلومات اور تفریح کا ذریعہ بھی بن گئی ہے جس میں گروپ ممبرز کی زندگی کے واقعات حصہ بنتے ہیں۔ اس کمیونٹی میں 54 ہزار سے زائد ممبرز ہیں۔ 

نادیہ پٹیل گنجپی شی اوپس (Sheops) کمیونٹی کی بانی ہیں ۔ یہ پاکستان کی خواتین کا پہلا پلیٹ فارم ہے جو کاروباری خواتین کے ساتھ کاروبار کا رجحان رکھنے والی خواتین کو بھی ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے اپنا کام شروع کرنے اور اسے آگے بڑھانے میں سہولت فراہم کرتا ہے۔ شی اوپس فیس بک کا ایک فعال گروپ ہے جس میں بیچنے و خریداری کرنے والے ممبرز کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہے۔ 



کوئی تبصرے نہیں:
Write comments

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

تازہ ترین

مشہور اشاعتیں

تازہ ترین خبریں