کلرز آف #چترال کے زیر اہتمام فخر چترال ایوارڈ کا دوسرا مرحلہ ، مشتاق احمد غنی سپیکر کے پی مہمان خصوصی

کلرز آف #چترال کے زیر اہتمام فخر چترال ایوارڈ کا دوسرا مرحلہ ، مشتاق احمد غنی سپیکر کے پی مہمان خصوصی 



چترال (محکم الدین 12 فروری 2020) کلرز آف چترال کے زیر اہتمام فخر چترال ایوارڈ کا دوسرا مرحلہ ٹورزم کارپوریشن خیبر پختونخوا اور چترال ہومز کے تعاون سے پی سی ہوٹل پشاور انجام پذیر ہوا ۔ اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی مہمان خصوصی تھے ۔ تقریب میں پشاور اور چترال سے تعلق رکھنے والے سرکاری آفیسران ، ممبران اسمبلی ، سیاسی ، سماجی ، ادبی و ثقافتی شخصیات اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ تقریب کے آغاز میں سلاءڈ کے ذریعے چترال کے قدرتی نظاروں ، روایتی کھانوں ، مصنوعات اور کلچر کی رنگینیوں کو اُجاگر کیا گیا ۔ جسے حاضرین نے بہت سراہا ۔ اور کہا ۔ کہ چترال اپنے قدرتی حسن و جمال ، مختلف النوع تہذیب و ثقافت ، مہمان نوازی اور امن کی وجہ سے منفرد سیاحتی طور پر اہمیت کی حامل ہے ۔ اور سیاحت کے دلدادہ لوگوں کیلئے جنت نظیر علاقہ ہے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے کئی شخصیات میں فخر چترال ایوارڈ تقسیم کئے ۔ اور بہترین تقریب منعقد کرنے پر کلرز آف چترال کے چیف ایگزیکٹیو و دیگر منتظمین کی تعریف کی ۔ کلر آف چترال کی طرف سے جن شخصیات کو اُن کی چترال کیلئے کئے گئے خدمات کے اعتراف میں فخر چترال ایوارڈ دیے گئے ۔

اُن میں تدریسی اور تاریخی خدمات پر پروفیسر اسرارالدین ، صحت میں ڈاکٹر سلیمہ حسن ، ڈاکٹر صدیق ، ڈاکٹر اسرا ر ، پولو میں معروف پولو پلئیر صدر پولو ایسوسی ایشن شہزادہ سکندالملک ، ملنسار اور خدمت گزار سرکاری آفیسر کے طورپر سابق ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رحمت غازی ، فٹبال میں محمد رسول ، ٹیبل ٹینس میں فہد خواجہ ، چترالی بزنس کمیونٹی کی قیادت پر صادق امین ، ریڈیو میں عنایت اللہ عنبر ، صحافت میں فیاض اور ذوالفقار علی شاہ ، سماجی خدمات پر قاری فیض اللہ چترالی ، قاری جمال ناصر و دگر شعبوں میں حاجی جعفر علی خان ، مختار ، سمیع الدین اور نقیب کے نام شامل ہیں ۔ 

اس موقع پر مہمان خصوصی کے علاوہ پروفیسر اسرارالدین ، ممتاز بزنس مین حاجی محبوب اعظم نے بھی ایوارڈ تقسیم کئے ۔ مہمان خصوصی کی رخصتی کے بعد تقریب میں شریک مہمانوں کیلئے چترالی کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا ۔ جو رات گئے تک جاری رہا ۔ اور حاضرین نے چترالی موسیقی کا خوب لطف اُٹھایا ۔ تقریب اور ثقافتی شو کے شرکاء نے کلرز آف چترال کے چیف ایگزیکٹیو کو چترال کی خدمت کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کیلئے بہترین پروگرام منعقد کرنے پراُن کی تعریف کی ۔ اور توقع کا اظہار کیا کہ اس قسم کی تقر یبا ت آیندہ بھی کلرز آف چترال کے پلیٹ فارم سے منعقد کئے جائیں گے ۔


Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post