پی پی اے ایف اور ایم آر ڈی او کے اشتراک سے 100 معذور افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم

پی پی اے ایف اور ایم آر ڈی او کے اشتراک سے 100 معذور افراد میں وہیل چیئرز کی تقسیم 


خیرپور: پاکستان پاورٹی ایلیوئیشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور ماروی رورل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ایم آر ڈی او) کے اشتراک سے شاہ لطیف یونیورسٹی خیرپور میں خیرپور اور گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے 100 معذور افراد کے درمیان وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ 

معذور افراد کو وہیل چیئرز کی فراہمی کے لئے نامی گرامی شخصیات نے حصہ لیا جن میں رکن سندھ اسمبلی منور وسان، سی ای او ایم آر ڈی او صغریٰ سولنگی، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے ایس پی سعد ارشد، پی پی اے ایف کے سی ای او قاضی عظمت عیسیٰ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اقبال جنگران اور پی پی اے ایف کے جنرل منیجر محمد طاہر ملک شامل ہیں۔ 

منیجر پروگرامز سلمان علی نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد عوام میں معذور افراد سے متعلق حساسیت بڑھانا ہے اور ہر شعبے میں ان کے آگے بڑھنے کے لئے نئے مواقع پیدا کرنے ہیں۔ یہ افراد بھی مساوی انداز سے معاشرے میں شامل ہیں اور ہر طرح سے ہمارے تعاون کے مستحق ہیں۔ 

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی عظمت عیسیٰ نے کہا، "ہمارا مقصد یہ ہے کہ لوگوں میں معذور افراد سے متعلق درپیش مسائل کی حساسیت بڑھائی جائے۔ ہم اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معذور افراد کی رسائی میں بہتری لائی جائے، چاہے کہ صحت و تعلیم کے شعبے میں رسائی ہو یا تفریحی سرگرمیاں ہوں۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ خصوصی افراد مستقبل میں زیادہ مستحکم کردار ادا کریں اور وہ دلچسپی کے ساتھ اپنے پائیدار مستقبل کے لئے کام کرسکیں۔ "

رکن سندھ اسمبلی منور وسان نے ضلع خیرپور میں پی پی اے ایف اور ایم آر ڈی او کے فلاحی کام کو بھرپور انداز سے سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے خصوصی افراد کے سماجی و معاشی حالات میں براہ راست بہتری آتی ہے۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ 

اس موقع پر اے ایس پی اور اے ڈی سی نے بھی اظہار خیال کیا اور پی پی اے ایف و ایم آر ڈی او کی کاوشوں کو سراہا۔ 



Post a Comment

Thank you for your valuable comments and opinion. Please have your comment on this post below.

Previous Post Next Post