پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے لیے اہم ہے ، پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کے لئے کردار ادا کرے گا ۔ سفیر ظہیر اے جنجوعہ کا خطاب

پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے لیے اہم ہے ، پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کے لئے کردار ادا کرے گا ۔ سفیر ظہیر اے جنجوعہ کا خطاب

اسلام آباد (اے پی پی): یورپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے کہاہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا ۔ انہوں نے یہ بات بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لئے آٹھویں ماہانہ آن لائن کھلی کچہری کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔

پاکستان کے سفیرنے شرکا کو افغانستان کی صورتحال سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افغانستان میں ایک جامع سیاسی تصفیے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔

حالیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو صدر یورپی کونسل چارلس مشیل اور بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو کی کالیں موصول ہوئیں جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے اعلی نمائندے جوزف بوریل اور بیلجیئم کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سوفی ولیمز سے بھی اس حوا لے سے گفتگو کی۔

ِ پاکستان کے سفیر نے سفارتی اور بین الاقوامی اداروں کے عملے ، صحافیوں اور دیگر کو افغانستان سے نکالنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ جشنِ آزادی کے موقع پربیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کی تقریبِ پرچم کشائی میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر سفیرِ پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفارت خانہ پاکستان اِس نوعیت کی دیگر تقریبات کا انعقاد بھی کرتا رہے گا۔

پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیلجیئم میں مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر رواں مالی سال کے پہلے مہینے میں 18.3 فیصد اضافے کے ساتھ 25.5 ملین رہیں۔

تقریب کا انعقاد وزیراعظم عمران خان کے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے قریبی رابطے برقرار رکھنے کے وژن کے مطابق کیا گیا تھا تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات تک فعال انداز میں رسائی حاصل ہو۔ آن لائن کھلی کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کمیونٹی ممبران نے سفارت خانے کی کوششوں کو سراہا۔

Post a Comment

خبروں اور ویڈیوز کے لئے ہماری ویب سائیٹ وزیٹ کیجئے: پوسٹ پر تبصرہ کرنے کے لئے شکریہ۔ آپ کا تبصرہ جائزے کے بعد جلد پیج پر نمودار ہوجائے گا۔ شکریہ

Previous Post Next Post